وزیر اعظم محمد شہباز شریف سےممتازعالمی کمپنیوں سمیت اعلیٰ سطح کے امریکی وفد کی ملاقات،معدنیات اور لاجسٹک کے شعبہ میں تعاون،پولی میٹالک ریفائنری کے قیام، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معدنی وسائل کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد۔8ستمبر :امریکہ کی معدنی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی دو ممتاز کمپنیوں نے پاکستان میں معدنیات اور لاجسٹک کے شعبے میں تعاون،پولی میٹالک ریفائنری کے قیام، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معدنی وسائل کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق مفاہمت کی دو تاریخی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے،پہلے مرحلے میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے،پاکستان میں لاجسٹک اور تعمیراتی شعبے میں عالمی معیار کے منصوبے شروع کیے جائیں گے،شراکت داری سے پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور یہ معدنیات اور لاجسٹک کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی ۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کان کنی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے کی ممتازعالمی کمپنیوں یونائیٹڈ سٹیٹس سٹریٹجک میٹلز(یو ایس ایس ایم )اور موٹا اینگل گروپ سمیت اعلیٰ سطح کے امریکی وفد نے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ وفد پاکستان میں کان کنی کے کاموں میں توسیع کے مواقع تلاش کرنے اور معدنی وسائل میں ویلیو ایڈیشن اور معاون بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ وفد نے وزیر اعظم ، چیف آف آرمی سٹاف،وفاقی وزیر پٹرولیم اور وفاقی وزیر تجارت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں اور ا نہیں تانبے، سونا اور نایاب زمینی عناصر سمیت پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دورہ کرنے والی کمپنیوں نے ملک کے اندر ویلیو ایڈیشن کی سہولیات کے قیام، معدنیات کی پروسیسنگ کی صلاحیت بڑھانے اور کان کنی کے شعبے سے منسلک بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیا ہے،اس سلسلہ میں دونوں حکومتوں کے درمیان نایاب ارضیاتی عناصر اور لاجسٹک خدمات سمیت اہم معدنیات کی ترقی اور پراسیسنگ سے متعلق مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ملک کی سب سے بڑی اہم معدنیات نکالنے والی کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن(ایف ڈبلیو او) نےسینٹ لوئیس، میسوری میں قائم ممتاز پروسیسر، ری سائیکلر اور مائنر کمپنی یونائیٹڈ سٹیٹس سٹریٹیجک میٹلز (یو ایس ایس ایم ) کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ دفاع، ایرو سپیس اور ٹیکنالوجی صنعتوں کے لیے ضروری اہم معدنیات کے مختلف شعبوں میں تعاون کا فریم ورک قائم کرے گا۔یہ شراکت داری فوری طور پر پاکستان سے دستیاب معدنیات کی برآمد کے ساتھ شروع ہوگی جن میں اینٹیمنی، تانبا، سونا، ٹنگسٹن اور نایاب ارضی عناصر شامل ہیں،اس تعاون سے پاکستان میں یو ایس ایس ایم کی طرف سے انتہائی لچکدار کثیر دھاتوں کی پولی میٹالک ریفائنری کی بنیاد رکھی جائے گی، یہ ریفائنری درمیانی اور تیار مصنوعات پیدا کرے گی جو امریکی منڈی میں تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کریں گی۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت پہلے مرحلے میں پاکستان کے اہم معدنیات کے شعبے میں تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے،یہ تعاون پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گااور پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے نئے امکانات کو اجاگر کرے گا۔مفاہمتی یادداشت کے اگلے اقدامات میں پاکستان کے وسیع قدرتی وسائل کی مکمل صلاحیت کو جانچنے کے لیے خصوصی ٹیموں کی تشکیل، فوری برآمد کے لیے اہم معدنیات کی نشاندہی اور تلاش، نکالنے اور پراسیسنگ میں طویل المدتی شراکت داری کے لیے ایک مضبوط بنیاد قائم کرنا شامل ہیں،اس تعاون میں پائیداری، منافع کے حصول اور ماحولیاتی ذمہ داری کو ترجیح دی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس کے ثمرات حاصل کرسکیں۔ دونوں فریق اہم معدنیات کی ٹوکنائزیشن جیسےجدید فنانسنگ اور ڈیجیٹل حل بھی تلاش کریں گے جن کے ذریعے عالمی سرمایہ کار پاکستان کی معدنی دولت میں شریک ہو سکیں گے اور اس شعبے میں شفافیت، لیکویڈیٹی اور قدر میں اضافے کی رفتار مزید تیز ہو سکے گی۔اسی طرح نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن(این ایل سی) نے موٹا-اینگل گروپ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جو انجینئرنگ اور تعمیرات کی ممتاز عالمی کمپنی ہے اور مغربی ایشیا میں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کے لیےنئے مواقع کر رہی ہے،پاکستان میں مواقع کے موجودہ سروے کا مقصد ان ترجیحی منڈیوں کی نشاندہی کرنا ہے جہاں موٹا-اینگل حکومتی وژن اور نجی شعبے کے اقدامات کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکے۔ گروپ طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے جو اس کی عالمی مہارت سے فائدہ اٹھائیں اور مقامی سطح پر ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار ترقی کے ذریعے قدر میں اضافہ کریں۔وفد کا دورہ اور ایم او یوز پر دستخط پاکستان کی کان کنی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں

Comments are closed.