ناٹنگھم فاریسٹ نے ہیڈ کوچ نونو ایسپریتو سانتو کو برطرف کر دیا
لندن۔9ستمبر :انگلش پریمیئر لیگ کلب ناٹنگھم فاریسٹ نے منگل کو ہیڈ کوچ نونو ایسپریتو سانتو کو 21 ماہ بعد عہدے سے برطرف کر دیا، یہ اس سیزن میں برطرف ہونے والے پہلے پریمیئر لیگ منیجر ہیں۔اے ایف پی کے مطابق کلب انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کلب نونو ایسپریتوسانتو کی شاندار خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے، خاص طور پر سٹی گراؤنڈ میں 2024-25 سیزن میں ان کے کردار کو کلب کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔51 سالہ نونو نے دسمبر 2023 میں اسٹیو کوپر کی جگہ چارج سنبھالا ، گزشتہ سیزن میں فاریسٹ نے پریمیئر لیگ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی، جو 1994-95 کے بعد سب سے بہترین کارکردگی ہے،
اس کامیابی کے نتیجے میں کلب کو 30 سال بعد یورپی مقابلے میں جگہ ملی اور یوروپا لیگ میں شمولیت کا موقع ملا تاہم اس سیزن میں صرف تین میچز کے بعد فاریسٹ پریمیئر لیگ میں 10ویں پوزیشن پر ہے اور نونو کے آخری میچ میں ٹیم کو ویسٹ ہیم کے ہاتھوں 3-0 کی شکست ہوئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق کلب نے نیا کوچ تلاش کرنے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے اور سابق ٹوٹنہم منیجر انجے پوسٹیکوگلو ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔نونو ایسپریتو سانتو نے حالیہ مہینوں میں کلب پالیسی پر تنقید کی اور کہا کہ کلب مالک ایوانجیلس مارینا کس کے ساتھ ان کے تعلقات درست نہیں ہیں، کلب میں سب کو متحد ہونا چاہیے مگر یہ حقیقت نہیں ہے۔

Comments are closed.