امریکہ کا چھٹا ویٹو: غزہ میں قحط کے باوجود جنگ بندی کی قرارداد ناکام

0

نیویارک (ویب ڈیسک)اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد کو امریکہ نے چھٹی مرتبہ ویٹو کر دیا، جب کہ اس قرارداد کو دیگر 14 رکن ممالک کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔

یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں قحط کی باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے، معصوم شہری دم توڑ رہے ہیں اور اسرائیلی پابندیوں کے باعث انسانی امداد تاحال معطل ہے۔

یہ قرارداد سلامتی کونسل کے 15 میں سے 10 غیر مستقل رکن ممالک نے مشترکہ طور پر تیار کی تھی، جس میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کے ساتھ ساتھ تمام یرغمالیوں کی باعزت رہائی اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل کا مطالبہ شامل تھا۔

ڈنمارک کی اقوامِ متحدہ میں سفیر کرسٹینا مارکوس لاسی نے ووٹنگ سے قبل اپنے خطاب میں کہا کہ ’’غزہ میں قحط کا اعلان شاید ابھی نہیں ہوا، لیکن قحط کی تصدیق ہو چکی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شدت نے عام شہریوں کی مشکلات ناقابلِ برداشت کر دی ہیں، اور عالمی برادری اس بحران پر خاموش نہیں رہ سکتی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عالمی اداروں نے خبردار کیا تھا کہ غزہ شہر اور اس کے اطراف میں قحط باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے، اور اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو یہ پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

Comments are closed.