اسلام آباد، سسرالیوں کے تشدد سے 7 ماہ کی حاملہ خاتون جاں بحق، بھائی نے مقدمہ درج کرادیا
اسلام آباد(آئی این پی) تھانہ کھنہ کی حدود میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے حاملہ خاتون جاں بحق ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے تھانہ کھنہ کی حدود برما ٹان میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے 7 ماہ کی حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی، جاں بحق خاتون مہوش سردار تین کمسن بچوں کی ماں تھی۔تھانہ کھنہ پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا،
جس میں کہا کہ مہوش کی شادی 2017 میں فیضان اقبال سے ہوئی تھی، مہوش پر شوہر اور ساس تشدد کرتے تھے اور کئی بار بچوں کو چھین کر گھر سے نکال دیا گیا۔مقتولہ کے بھائی کا کہنا تھا کہ وقوعے کے روز اہلخانہ کو فون کر کے بتایا گیا کہ مہوش کو کرنٹ لگا ہے اور اسپتال لے جایا جا رہا ہے، تاہم کچھ دیر بعد اطلاع ملی کہ وہ انتقال کر گئی ہیں۔مقتولہ کی لاش بعد ازاں آبائی علاقے مانسہرہ منتقل کر دی گئی ،
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مہوش پر تشدد کے شواہد بھی ملے ہیں۔ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں شوہر اور ساس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔ورثا نے وزیرِ داخلہ سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.