چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 کا کراچی میں باضابطہ آغاز
کراچی، 23 ستمبر 25: چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب پی این ایس رہبر کراچی میں منعقد کی گئی ۔کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔
چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 کے مقابلے 23 سے 27 ستمبر تک منعقد ہوں گے، جن میں پاکستان کے علاوہ مصر، ایران، ملائیشیا، سری لنکا اور تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے پانچ ممالک کے انیس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ۔
خطاب کے دوران غیر ملکی کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے ٹیموں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ کھیل، خصوصاً سیلنگ، امن، بین الاقوامی تعاون اور سمندروں کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ایسے مقابلوں کے ذریعے علاقائی اور عالمی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں رہے گی۔
پانچ روزہ سیلنگ ریگاٹا کراچی ہاربر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں لیزر اسٹینڈرڈ/ILCA 7، لیزر ریڈیئل/ILCA 6 اور ونڈ سرفنگ RSX کیٹیگریز کے مقابلے شامل ہیں۔ یہ مقابلہ قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے اور خطے میں واٹر اسپورٹس کو فروغ دینے کا ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، سول شخصیات، منتظمین، اسپانسرز، کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

Comments are closed.